Home » تلخ و تُرش

تلخ و تُرش

by زبان خلق
0 comment

اسانغنی مشتاق رفیقی

 

٭ آپ (لوگوں) نے ملک میں بہت ساری حکومتیں دیکھی ہیں، ہماری حکومت کی اولین پالیسی ہے کہ وہ محروم لوگوں کو ترجیح دے۔ بی جے پی کا منتر سب کا ساتھ سب کا وکاس ہے۔۔۔ وزیراعظم نریندر مودی تلنگانہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے

صاحب جی! ذرا سنبھل کر!! ایک ہی جملہ کتنی بار دھراؤ گے!!

یہ جو پبلک ہے سب جانتی ہے یہ جو پبلک ہے

٭ بی جے پی کی قیادت کے ساتھ، مدھیہ پردیش ‘بیمارو’ سے ‘بے مثال’ ریاست میں بدل گیا اور ہم اس سفر کو جاری رکھیں گے۔ صحت کے شعبے میں ہم نے 20,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے، آدیواسیوں کے لیے 3000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور ہر شعبے میں، بی جے پی مدھیہ پردیش کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔۔۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد، مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا

پر عوامی سروے سے جو آنکڑے آ رہے ہیں وہ تو کچھ اور ہی کہانی بتا رہے ہیں منتری جی! خیر جو بھی ہے وہ دسمبر تین کو واضح ہوجائے گا! مگر ایک بات طے ہوگئی کہ سندھیا جی پکے بھاجپائی بن چکے ہیں!!!

٭کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج نے ملک کے سیاسی ماحول کو بدل کر رکھ دیا ہے، اس کا اثر چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، تلنگانہ اور راجستھان کے آنے والے انتخابات میں نظر آئے گا۔۔۔ کانگریس لیڈر جیرام رمیش

رمیش جی! ایک دو قلعے فتح کر لینے سے کچھ نہیں ہونے والا، 2024 جیت کر دکھاؤ تو جانیں!!

رنگ محفل چاہتا ہے اک مکمل انقلاب

چند شمعوں کے بھڑکنے سے سحر ہوتی نہیں

٭ جدہ میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں 57 ممالک کے رہنماؤں کی طرف سے اسرائیل کی مذمت کے ساتھ ساتھ فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے اسرائیل کی مذمت کی تو ایران نے اسرائیلی افواج کو دہشتگرد گروپ قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔۔۔ بی بی سی اردو

کچھ نہیں ہونے والا،اقتدار پرستوں کے ان مطالبات اور گیڈر بھپکیوں سے اسرائیل کے کان پر جوں بھی نہیں رینگے گی

یہ دکھ نہیں کہ زمانہ خلاف ہے میرے

یہ رنج ہے کہ مرا یار بھی منافق ہے

٭ مغربی دہلی میں چوروں نے سی سی ٹی وی کیمرے پر کالا پینٹ لگا کر اے ٹی ایم کو گیس کٹر سے کاٹ کر 5 لاکھ سے زیادہ کی رقم لوٹ لی۔۔۔ آئی اے این ایس

ایک دور تھا جب چوروں کا منہ سیاہ کر کے ان کا سرمونڈھ دیا جاتا تھا اب یہی چور کیمرے پر سیاہی پوت کر اے ٹی ام کاٹ کر  چوری کر تے ہیں، یعنی آج کل ہر معاملے میں گنگا الٹی بہنے لگی ہے، ہیہات!!

٭ بی جے پی کے نو منتخب صدر کرناٹک بی وائی وجیندر(کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے بیٹے) نے کہا  ہے کہ ان کی پہلی ترجیح آئندہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

    اس کا یہ بالکل بھی مطلب نہیں کہ بھاجپا پریوار واد کو بڑھاوا دے رہی ہے!  بات بس اتنی سی ہے کہ راجہ کا بیٹا راجہ نہیں تو اور کیا بنے گا!!

٭ اگست دوہزار اکیس سے پاکستان  میں مقیم تیس ہزار سے زائد  افغانی جنہوں نے مغربی حکومتوں، نیٹو، بین الاقوامی اداروں اور افغان حکومت کے لیے کام کیا تھا  کا شکوہ ہے کہ انہیں متعلقہ ممالک کی طرف سے خاطر خواہ معاونت نہیں مل رہی۔۔۔ اردو ڈی ڈبلیو

  یعنی

ہم کو ان سے وفا کی ہے امید

جو نہیں جانتے وفا کیا ہے

٭ ذات پات کا سروے بہار اسمبلی میں رکھے جانے کے دوران جس طرح بی جے پی نے بحث میں حصہ لیا وہ مایوس کن تھا۔ صرف وہی لوگ جو ملک کے جمہوری ڈھانچے میں یقین نہیں رکھتے اس طرح کا برتاؤ کرتے ہیں۔۔۔ بہار کے وزیر شراون کمار

  یہاں بات جمہوری ڈھانچے پر یقین کی نہیں اپنے ووٹ بینک میں دراڑ پڑ جانے کے خوف کی ہے، سمجھا کریں!

٭ کانگریس حکومت کے تحت چھتیس گڑھ میں بائیں بازو کی انتہا پسندی میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو اسے 3-4 سال میں ختم کردیا جائے گا۔۔۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ

  اور دائیں بازو کی انتہا پسندی میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ اور رہی عوام کے تکالیف و مشکلات! وہ تو اسی کے لئے پیدا ہوتے ہیں۔

٭غزہ میں مارے جانے والوں کی تعداد 11000 سے تجاوز کر گئی: وزارت صحت۔ مرنے والوں میں 4506 بچے اور 3000 سے زائد خواتین شامل۔ البراق اسکول پر تازہ اسرائیلی حملے میں کم از کم 20 مزید ہلاکتیں۔۔۔ بی بی سی اردو

  ہائے افسوس! اتنا ظلم!! پھر بھی دنیا کے ایوانوں میں خاموشی!!!

ہزاروں ظلم ہوں مظلوم پر تو چپ رہے دنیا

اگر مظلوم کچھ بولے تو دہشت گرد کہتی ہے

٭ بارش نے قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کو نمایاں طور پر کم کرکے دہلی کے باشندوں کے لیے راحت فراہم کی ہے اور اس وجہ سے دہلی حکومت نے طاق-جفت اسکیم کے نفاذ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس

     اسے کہتے ہیں قدرت کا کرشمہ، انسان کی لاکھ کوششوں پر قدرت کی ایک پھوار بھاری ہے، اس میں سمجھنے والوں کے لئے بڑی نشانیاں ہیں!

٭گھریلو ایل پی جی سلنڈر 450 روپے، گیہوں کی خریداری 2700 روپے فی کوئنٹل،مدھیہ پردیش انتخابات میں بی جے پی کے انتخابی وعدے۔۔۔ پی ٹی آئی

ترے وعدے پر جئے ہم تو یہ جان جھوٹ جانا

کہ خوشی سے مر نہ جاتے اگر اعتبار ہوتا

٭امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے اسرائیل۔حماس تنازع کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کے چار روزہ دورے میں کشیدگی کو پھیلنے سے روکنے، فلسطینی شہریوں کے تحفظ اور غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی میں اضافے کے لیے علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔۔۔ یو ایس اے اردو

     پہلے جنگ کی آگ بھڑکائی اور اب شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کے نام پر ناکارہ غلاموں سے ملاقاتیں ہورہی ہیں، واہ منافقت کی بھی حد ہوگئی!!

٭سپریم کورٹ نے پنجاب کے گورنر پر ریاستی مقننہ کی طرف سے منظور کیے گئے بلوں کی منظوری روکنے پر سخت نکتہ چینی کی۔۔۔ آئی اے این ایس

  جب تک صاحب کا ہاتھ سر پر ہے بھگوان بھی نکتہ چینی کر دے کوئی پرواہ نہیں، اور ویسے بھی

ہم طالب شہرت ہیں ہمیں ننگ سے کیا کام

بدنام اگر ہونگے تو کیا نام نہ ہوگا

٭فضائی آلودگی جو ہندوستان میں سالانہ 1.6 ملین سے زیادہ اموات کی ذمہ دار ہے کے ساتھ جنگ، صحت عامہ اور ماحولیات کے لیے ایک اہم چیلنج ہے۔ صرف پالیسیاں نہیں رویے تبدیل کریں۔۔۔ موسمیاتی ماہرین کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے

  فضائی آلودگی پر موسمیاتی ماہرین کاروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں ٹھیک ہے لیکن فسطائی آلودگی جو اس سے بھی ذیادہ خطرناک ہے، اس پر کاروائی کا مطالبہ کون کرے گا؟

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

You may also like

Leave a Comment