اسانغنی مشتاق رفیقیؔ
سخت مشکل میں ہوں خطرے میں جان ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
آگے پیچھے بھنور ، سر پہ طوفان ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
آپؐ شمس الضحیٰ ، آپؐ بدالدجیٰ، آپؐ ہی کے لئے سارا عالم بنا
آپؐ کاہر عمل کیا ہے قرآن ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
فکر و فن کی ہے سب آگہی آپؐ سے، علم و حکمت کی ہے روشنی آپؐ سے
آپ ؐ کے نور ہی کا یہ فیضان ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
آپؐ کے دم سے عرفان مجھ کو ملا ، ایک ہے سب کا رب ، یہ پتہ چل گیا
آپؐ ہی سے ہے، جو میری پہچان ہے،یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
میں پشیمان اپنے گناہوں پہ ہوں ، آپؐ سے التجا کس زباں سے کروں
آپؐ جود و سخا ، میرا ایمان ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
خود بھی شدت پرستی سے رسوا ہوا، دین کو بھی کہیں کا نہ رہنے دیا
اس خطا پر مرا دل پشیمان ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے
میں رفیقی ہوں ادنا غلام آپؐ کا ، کچھ نہیں چاہئے مجھ کو اس کے سوا
آپؐ پر جان دے دوں یہ ارمان ہے، یا نبیؐ میرے حق میں دعا کیجئے